متکبرانہ لباس پہننے پر عذاب

(٧٩)۔ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ: مَنْ لَبِسَ ثَوْبَ شُهْرَةٍ فِی الدُّنْيَا أَلْبَسَهُ اللَّهُ ثَوْبَ مَذَلَّةٍ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ثُمَّ أَلْهَبَ فِيهِ نَارًا۔ (ابن ماجه، رقم ٣٦٠٧)
”عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنھما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے دنیا میں اپنی بڑائی ظاہر کرنے کے لیے کوئی لباس پہنا، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے ذلت کا لباس پہنائے گا اور پھر اُس میں آگ بھڑکا دی جائے گی۔”

توضیح:

تکبر اپنی حقیقت میں بندگی کی نفی ہے۔ اِس کا اظہار خواہ کسی صورت میں بھی ہو، خدا کو سخت ناپسندیدہ ہے۔ انسان خدا کا بندہ ہے، اس کے لیے یہی زیبا ہے کہ وہ اُس کی زمین پر اُس کا بندہ بن کر جیئے۔
اظہارِ تکبر کی ایک شکل یہ بھی ہوتی ہے کہ انسان فاخرانہ لباس کے ذریعے سے دوسروں پر اپنی بڑائی ظاہر کرتا ہے۔ اس حدیث میں ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ دنیا میں جو شخص دوسروں پر اپنی بڑائی ظاہر کرنے کے لیے اس طرح کا کوئی فاخرانہ لباس پہنے گا تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے ایسا لباس پہنائے گا جو دوسروں کی نگاہ میں اُس کی ذلت کا باعث ہو گا اور پھر اُس لباس کے اندر آگ بھڑکا دی جائے گی تاکہ وہ اپنے جرم کا پورا پورا بدلہ پائے۔

Comments

Popular posts from this blog